حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ روز صوبہ اتر پردیش کے شہر فرخ آباد میں نامعلوم شرپسند عناصر کی جانب سے ایک شیعہ مذہبی مقام پر توڑ پھوڑ اور آتش زنی کی افسوسناک واردات پیش آئی۔ اطلاعات کے مطابق کربلا/درگاہ “مولا علی نجف الاشرف” میں داخل ہو کر وہاں رکھے تعزیوں کو آگ لگا دی گئی، جس کے نتیجے میں تعزیہ سمیت دیگر مقدس تبرکات نذرِ آتش ہو گئے۔
اس موقع پر مرکزی شیعہ علماء کونسل حیدرآباد، تلنگانہ مولانا سید شجیع مختار نے اس بدترین اور منافرت انگیز حرکت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ہندوستان کی قومی یکجہتی اور گنگا جمنی تہذیب پر حملہ قرار دیتی ہے۔ کونسل حکومتِ ہند اور متعلقہ ریاستی حکام سے پُرزور مطالبہ کرتی ہے کہ واقعے کی فوری، غیرجانبدارانہ اور شفاف تحقیقات عمل میں لائی جائیں اور خاطیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ مذہبی منافرت پھیلانے والے عناصر کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔
کونسل نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہندوستان میں شیعہ مسلمان، اقلیت در اقلیت ہونے کے باوجود، عزاداریِ امام حسینؑ کے حوالے سے دنیا بھر میں ایک روشن اور منفرد مثال رکھتے ہیں۔ یہاں نہ صرف شیعہ بلکہ دیگر مسلم فرقوں اور اہلِ ہنود کی بڑی تعداد بھی بڑھ چڑھ کر عزاداری میں حصہ لیتی ہے، جو ملک کی باہمی احترام، رواداری اور ہم آہنگی کی دیرینہ روایت کی عکاسی کرتا ہے۔
مرکزی شیعہ علماء کونسل نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ امن، بھائی چارے اور قانون کی بالادستی کو برقرار رکھنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں اور افواہوں سے گریز کریں۔










آپ کا تبصرہ